دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی 11ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اسکول کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء نے وطن کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کے بقول دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے ایک کڑی آزمائش تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ سانحہ قوم کے دلوں کو غم سے بھر گیا، تاہم ہمارے حوصلے پست نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کا حقیقی انصاف ہے اور پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان ایک بار پھر دہشتگردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے، ملک کے مختلف حصوں میں سکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاست، سکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
