ذوالفقار بھٹو جونیئر کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے، ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا کہ وہ جلد ایک نئی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں، جس کا باضابطہ اعلان آنے والے دنوں میں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ آج بھی اہم ہے، لیکن اب ہمیں بجلی، گیس اور پانی جیسے بنیادی سہولیات بھی درکار ہیں۔ ان کی جماعت کا نیا نعرہ ہوگا: "جئے عوام”۔
ذوالفقار جونیئر نے الزام لگایا کہ زرداری گروپ نے "جئے بھٹو” جیسے عوامی نعرے کو کرپشن سے جوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر زمینوں پر قبضے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب کے کسان ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لیکن آج وہ جماعتیں کہیں نظر نہیں آتیں جو کسانوں کے حقوق کی بات کیا کرتی تھیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر سندھ کے کسان بھی پنجاب کے کسانوں کی طرح اپنی آواز بلند کریں تو وہ سب متحد ہوکر اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔
