اداکارہ ریشم، عمران اشرف، سجل علی کی طلاقوں پر افسردہ کیوں؟

معروف اداکارہ ریشم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کو اداکار عمران اشرف اور اداکارہ سجل علی کی طلاقوں پر بہت افسوس ہے، ان شوبز جوڑوں کے درمیان علیحدگی نہیں ہونی چاہئے تھی۔اداکارہ ریشم نے صحافی ملیحہ رحمٰن کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کی طلاق کی خبروں پر افسوس کا اظہار کیا، وہ طلاق کی خبریں سن کر خود بھی شادی کرنے سے خوفزدہ ہوگئیں لیکن وہ پھر بھی شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب وہ بہت زیادہ تنہائی محسوس کرتی ہیں تو وہ لنگر تقسیم کرتی ہیں، اپنے ہاتھ صرف ناچ گانے تک محدود نہیں کیے ہوئے، ’آخرت میں اللہ کو جواب دینے کے لیے اپنے ہاتھوں سے کھانا پکا کر لوگوں میں تقسیم کرتی ہوں، اس کے علاوہ صدقہ اور زکوة بھی دیتی ہوں، ہمارا مذہب بہت خوبصورت ہے جس میں زندگی گزارنے کے تمام اصول موجود ہیں۔اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ریشم نے کہا کہ اگر ان کی شادی ہو جاتی تو وہ شوبز انڈسٹری بہت پہلے چھوڑ چکی ہوتیں، میرا شوہر مجھے کما کر کھلاتا لیکن مجھے شوہر نہیں ملا کیونکہ شادیاں ہو رہی ہیں لیکن ہونے کے بعد ٹوٹ جاتی ہیں، وہ اب بھی شادی کرنے کا سوچ رہی ہیں لیکن اس رشتے کو نبھانے والا ابھی تک انہیں کوئی نہیں ملا۔اداکارہ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوا کہ شوبز انڈسٹری میں کئی لوگوں کی شادیاں ختم ہو چکی ہیں جو نہیں ہونی چاہئے تھیں، میں اب بھی شادی کرنے کا سوچ رہی ہوں ، کوئی ایسا ساتھی ملے جو اس رشتے کو نبھا سکے، آج کل شادیاں صرف ایک یا ڈیڑھ سال تک چلتی ہیں پھر ختم ہوجاتی ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں 7 سے 8 لوگوں کی شادیاں ختم ہوچکی ہیں، مجھے بہت دکھ ہوا، سجل علی کی شادی ختم ہوئی جس کا مجھے بہت دکھ ہے، عمران اشرف کی شادی بھی ختم نہیں ہونی چاہئے تھی، جب لوگ شادی کے رشتے کو نہیں نبھاتے اسے محبت نہیں کہتے، میرے نزدیک اس رشتے کو نبھانا بہت ضروری ہے، کچھ سال قبل میں نے جن کی شادیوں میں شرکت کی آج ان کی علیحدگی ہوچکی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ’لوگوں میں برداشت نہیں ہے، بیوی اور شوہر کو برداشت کرنا چاہئے، بیوی گھر، بچے اور پوری فیملی کو نبھالتی ہے، وہ تمام رشتے نبھا رہی ہے اگر وہ تھوڑا اونچا بھی بولے تو خاوند کو چاہئے کہ تھوڑا برداشت اور نظر انداز کرلے، لڑکیوں کے کمانے میں کوئی مضائقہ نہیں، لیکن ہمیں مغرب کی رسم و رواج کی طرف نہیں دیکھنا چاہئے، ہم جب باہر کی عورت کو دیکھتے ہیں تو ہمارا دماغ خراب ہوجاتا ہے، اس میں ہمارا بھی قصور ہے۔ریشم نے کہا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کی طلاق کی اضافی شرح دیکھ کر ڈر گئی ہیں، ’لیکن میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ میرا نصیب ایسے انسان کے ساتھ جو اس رشتے کو نبھا سکے، وہ انڈسٹری میں کسی سے شادی نہیں کریں گی بلکہ انڈسٹری سے باہر شادی کریں گی کیونکہ شوبز انڈسٹری میں شادیاں زیادہ وقت کے لیے نہیں چلتیں۔

Back to top button