امریکی ڈالر پھر مہنگا،210.95 روپے کا ہوگیا

پاکستان کے آئی ایم ایف سے معاہدہ کے بعد صرف ایک دن میں امریکی کرنسی کی قیمت میں کمی ہونے کے بعد آج پھر روپے کے مقابلے میں ڈالر میں ایک روپے 15 پیسے کا اضافہ ہوا ،انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر210 روپے 95 پیسے کا ہوگیا۔

فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق درآمدی ضروریات کیلئےڈالر کی طلب برقرار ہے اور افغانستان کی ڈالر ضروریات بھی پاکستان سے پوری ہورہی ہیں،فاریکس ڈیلرز نے امید ظاہر کی کہ آنے والےدنوں میں ڈالرمزید سستا ہونے کا قوی امکان ہے،جمعرات کوانٹربینک میں ڈالر کی قیمت 210.10 روپے سے کم ہو کر209 روپے پرآ گئی تھی۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر2 روپے سستا ہوکر 209 روپے پرآگیا تھا،جبکہ آج پھر ڈالر مہنگا ہوکر210.95روپے کا ہوگیااوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر211 روپے پربند ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر 212 روپے کے قریب پہنچ گئی تھی تاہم چینی کنسورشیم کی جانب سے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض ملنے اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کے باعث ڈالر کی قدر میں ساڑھے 7 روپے تک کمی ہوئی تھی،اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق بینکوں کے ڈپازٹس گزشتہ ماہ جون میں 22کھرب81ارب روپے رہے جو اس سے پچھلے ماہ مئی کے مقابلے میں 8فیصد زائد ہے اور اگر سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو گزشتہ سال جون کے مقابلے میں رواں سال جون کے دوران ڈپازٹس میں 15فی صد اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال میں جون کے مہینے میں بینکوں کی جانب سے10کھرب88ارب روپے کے قرضے بھی دئے گئے جو مئی2022کے مقابلے میں ایک فیصد زائد ہے جب کہ جون2021کے مقابلے میں 21فی صد زیادہ یعنی گزشتہ ماہ جون میں اس سے پچھلے ماہ مئی کے مقابلے میں قرضے نمایاں طور پر زیادہ دئے گئے ۔

Back to top button