شبیر اقبال نے سی این ایس اوپن گالف چیمپئن شپ جیت لی
دفاعی چیمپئن شبیر اقبال نے سی این ایس اوپن گالف چیمپئن شپ کے پروفیشنلز ایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کامیاب گالفرز میں انعامات تقسیم کیے، چیمپئن شپ کی انعامی رقم ایک کروڑ 11 لاکھ روپے پر مشتمل تھی۔کراچی گالف کلب مین ہونے والی چیف آف نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کے آخری روز پروفیشنلز کیٹگری میں دلچسپ و سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔شبیر اقبال نے آخری روز شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تین انڈر پار 69 اسکور کیا اور مجموعی اسکور 274 کے ساتھ ٹائٹل جیت لیا۔
شبیر اقبال پہلے روز دسویں پوزیشن پر تھے، احمد بیگ نے بھی آخری روز تین انڈر پار 69 اسکور کیا اور دوسری پوزیشن لی، محمد اشفاق جو چھٹے نمبر پر تھے، چوتھے رو ز چھ انڈر66 اسکور بنایا اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، محمد شہزاد جو کل تک ٹاپ پوزیشن پر تھے چھٹے نمبر پر آئے۔
سینیئر پروفیشنلز کا ٹائٹل محمد طارق نے جیت لیا جب کہ جونئیر پروفیشنلز کا ٹائٹل ایم راشد بیگ نے جیتا۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے جنہوں نے چیمپئن شپ کے شاندار انعقاد پر پاک بحریہ کے منتظمین اور اسپانسرز کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے ذریعے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیےکوشاں ہے، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب کے اختتام پر کامیاب گالفرز میں انعامات بھی تقسیم کیے۔