علیم خان گروپ کا بھی حمزہ شہبازکی حمایت کااعلان
تحریک انصاف کے باغی عبدالعلیم خان گروپ نے بھی اپنے 9 ارکان کیساتھ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازکی حمایت کا اعلان کردیا ۔
متحدہ اپوزیشن کے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار حمزہ شہباز نے عبدالعلیم خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان کے گروپ کے 9 اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی، علیم خان گروپ کے میاں خالد محمود، اشرف رند، علمدار قریشی، اویس دریشک، ہارون عمران گل، عائشہ چودھری، خرم لغاری، ساجدہ یوسف نے ملاقات کی۔
عبدا لعلیم خان اور حمزہ شہباز کے مابین ملاقات میں نئے قائد ایوان کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران عبد العلیم خان گروپ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے حمزہ شہباز شریف کی حمایت ک اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کے باغی عبدالعلیم خان گروپ نے وزارت اعلیٰ کیلئے حمزہ شہبا ز کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حمزہ شہبا ز کو 9 ارکان ووٹ دیں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے منحرف رہنما علیم خان کا گروپ پہلے ہی تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار پرویز الہیٰ کا ساتھ نہ دینے کا اعلان کرچکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے ، فسطائی سوچ نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے،حکومت نے عوام سے کیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں نئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا چنائو کل کیا جائے گا۔