چین نے روس پرامریکی پابندیوں کیخلاف سہولت کاری کی تردید کردی
چین نے کہا ہے روس پرعائد امریکی اوریورپی پابندیوں کے خلاف بیجنگ ماسکو کے لیے کوئی آسانیاں پیدا نہیں کر رہا۔
چینی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدارکے مطابق چین جان بوجھ کرایسا کچھ نہیں کررہا، جس سے روس کے لیے آسانی پیدا ہو سکے۔
چینی عہدیدار کا کہنا تھا چین پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے کیونکہ ان کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوتے ہیں۔ بیجنگ حکومت کا یہ بیان یورپی یونین اور چینی رہنماؤں کے کل ہونے والے آن لائن سربراہی اجلاس کے بعد آج ہفتے کے روز سامنے آیا۔ اس اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے چین کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین کی جنگ میں ماسکو کی مدد کرنے کی صورت میں چینی یورپی اقتصادی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ چین نے یوکرین میں فوجی مداخلت کرنے پر ابھی تک اپنے اتحادی ملک روس کی کوئی مذمت نہیں کی۔