ہاں میں طلاق لے چکی ہوں، بشریٰ انصاری کی تصدیق

بالآخر بشریٰ انصاری نے اپنے پہلے شوہر اقبال انصاری سے طلاق کی خبروں کی تصدیق کردی۔ بشریٰ انصاری کی طلاق اور دوسری شادی کی خبر گوگلی نیوز نے بریک کی تھی جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا رکھا ہے۔ بشریٰ کے بہت سارے فینز تو اس خبر کو سچا تسلیم کرنے کے لیے تیار ہی نہیں تھے۔ بشریٰ اور ان کے شوہر اقبال انصاری کے مابین کافی عرصہ پہلے طلاق ہو گئی تھی بلکہ اقبال حسین سے ان کی شادی کو بھی تین برس ہو چکے ہیں۔ تاہم بشریٰ نہیں چاہتی تھیں کہ یہ خبر میڈیا میں آئے کیونکہ اس سے ان کے لاکھوں فینز کے دل ٹوٹ جائیں گے، اس لئے وہ مصلحتاً خاموشی اختیار کئے ہوئے تھیں لیکن بالآخر کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے!
اب بشریٰ انصاری نے ایک ٹی وی انٹرویو میں تسلیم کر لیا ہے کہ اقبال انصاری سے ان کی طلاق کو تو ایک مدت ہو چکی ہے، اس کے ساتھ ہی بشریٰ نے یہ وضاحت بھی کی کہ انھوں نے اس سے قبل کیوں کبھی اپنی طلاق پر بات نہیں کی؟ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے ذہنوں میں فنکاروں کے حوالے سے ایک خاص امیج ہوتا ہے۔ مثلاً وہ یہ سمجھتے ہیں کہ فنکاروں کی زندگی بہت گلیمرس ہوتی ہے، انھیں روزمرہ کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور شاید وہ کوئی آسمان سے اُتری ہوئی مخلوق ہوتے ہیں۔ جبکہ سچ تو یہ ہے کہ فنکاروں پر بھی عام لوگوں ہی کی طرح فیملی اور سوسائٹی کا پریشر ہوتا ہے اور جب وہ ناقابل برداشت ہو جائے تو بعض اوقات گھر بھی ٹوٹ جاتے ہیں۔
بقول بشریٰ، جب شوبز کی دو حسین جوڑیوں طاہرہ سید، نعیم بخاری، فریال گوہر اورجمال شاہ کے مابین طلاق ہوئی تو کتنے ہی لوگوں کے دل ٹوٹ گئے تھے کیونکہ لوگ فنکاروں کے معاملے میں بہت حساس ہوتے ہیں اور ان سے بہت زیادہ انسیت پیدا کر لیتے ہیں۔ بشریٰ کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ عرصہ بہت اچھی فیملی لائف بھی گزاری ہے اور پھر اختلافات کیا گھر میں نہیں ہوتے، میرے اور اقبال انصاری کے درمیان بھی جب اختلافات حد سے بڑھنے لگے تو ہم دونوں الگ ہو گئے لیکن اسکے باوجود میں نہیں چاہتی تھی کہ لوگ یہ خبر سن کر ڈسٹرب ہوں۔ ویسے بھی میرا خیال ہے کہ اپنی نجی باتیں ہر کسی سے شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
تاہم معلوم ہوا ہے کہ بشریٰ انصاری جلد ہی، طلاق کی طرح، اقبال حسین سے شادی کی خبر بھی اپنے فینز سے شیئر کرنے والی ہیں۔ بشریٰ انصاری نہ صرف ڈائریکٹر اور پروڈیوسر اقبال حسین سے شادی کر لی ہے بلکہ وہ انتہائی خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں۔ بشری کے بھائی امریکہ میں ہوتے ہیں اور بہنیں نیلم بشیر، سنبل شاہد اور اسماء عباس لاہور میں سیٹلڈ ہیں۔ سنبل اور اسماء کا شوٹنگز کے لئے کراچی آنا جانا لگا رہتا ہے اور بشریٰ فیملی کی وجہ سے لاہور آتی جاتی رہتی ہیں۔ اقبال حسین ان کے ساتھ ایک آدھ مرتبہ ہی لاہور آئے ہیں۔ چند ماہ پہلے جب ان کی بڑی بہن اداکارہ سنبل شاہد کا جواں سال بیٹا ناردرن ایریاز میں پیرا گلایئڈنگ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا تھا تو اقبال حسین بھی ان دکھ کے دنوں میں لاہور میں بشریٰ کی فیملی کے ساتھ ہی رہے۔ آج کل بشریٰ کی بڑی بیٹی نریمان کینیڈا سے آئی ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ بشریٰ نے شادی سے پہلے اپنی دونوں بیٹیوں نریمان اور میرا کو سب سے پہلے اعتماد میں لیا تھا!!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button