پی ایس ایل 6: کراچی کنگز کی ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 میں آج پہلے میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 6 کے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آج کھیلے جارہے اس میچ میں کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم جب کہ ملتان سلطانز کی کپتانی محمد رضوان کر رہے ہیں اور دونوں ٹیمیں میچ جیتنے کے لیے پرامید ہیں۔ دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پرانے کمبی نیشن کو برقرار رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا میلہ زور و شور سے جاری ہے اور شائقین کو ہر روز سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی بات کی جائے تو کراچی کو اگرچہ میزبان ہونے کی وجہ سے شائقین کی زیادہ حمایت حاصل ہے تاہم ملتان سلطانز کے فینز بھی اپنی ٹیم کو بھرپور انداز میں سپورٹ کر رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کی ایونٹ میں اگر اب تک کی کارکردگی کو دیکھیں تو کراچی کنگز نے اب تک 2 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے ایک میں فتح اور ایک میں شکست حاصل ہوئی ہے جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم 3 میچز کھیل چکی ہے جس میں اس نے ایک میں فتح اپنے نام کی ہے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی فتح کا آغاز کیا تھا۔ وہیں اگر کراچی کنگز کی بات کریں تو وہ دفاعی چیمپئن ہے اور اس نے ابتدائی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی لیکن دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔