وزیراعظم نے تمام تقریبات میں اردو زبان کے استعمال کی ہدایت کر دی

وزیر اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام تقریبات اور پروگراموں میں اردو زبان استعمال کی جائے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں ہدیات جاری کی گئی ہیں کہ وزیراعظم جن بھی تقریبات یا پراگراموں میں شرکت کریں، ان میں اردو زبان کا استعمال کیا جائے۔اس سلسلے میں کہا گیا کہ متعلقہ اداروں اور افراد کو وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کےلیے درکار اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے احکامات دیے ہیں کہ ان کےلیے مرتب اور منعقد کیے جانے والے تمام پروگرام، تقاریب، کانفرنس اور ایونٹ آج کے بعد قومی زبان اردو میں مرتب کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی زبان ہمارا فخر ہےاور جب دوسرے ممالک اپنی اپنی قومی زبان استعمال کرتے ہیں تو ہم کیوں نہیں؟۔شہباز گل نے مزید کہا کہ وزرا اور سرکاری افسران کو بھی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ اپنا پیغام و تقاریر اپنی قومی زبان میں عوام تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری عوام کی زیادہ تعداد انگریزی زبان نہیں سمجھتی، عوام کی توہین مت کریں اور وزیراعظم چاہتے ہیں جب بھی کوئی عوام سے جڑا پیغام یا تقاریر نشر ہوں، تو وہ ہماری قومی زبان اردو میں ہوں۔واضح رہے کہ وزیر اعظم اس سے قبل سرکاری اداروں سمیت دیگر اہم امور کی انجام دہی کےلیے اردو کے بطور سرکاری زبان استعمال پر زور دیتے رہے ہیں۔یاد رہے کہ 2015 میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے اردو کو سرکاری زبان کے طور پر فوری نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی فل بینچ نے اردو کو بطور سرکاری زبان رائج کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔عدالت عظمیٰ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو آرٹیکل 251 فوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کا اطلاق ہم سب پر فرض ہے۔ چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے فیصلہ بھی اردو میں پڑھ کر سنایا تھا۔وفاقی کابینہ نے پاکستان کی قومی زبان اردو کو سرکاری زبان بنانے کے احکامات مئی 2014 میں جاری کیے تھے جن پر ایک سال بعد عملدرآمد شروع کردیا گیا تھا۔

Back to top button