عتیقہ اوڈھو کوانکے بیٹے نے تیسری شادی کا مشورہ کیوں دیا؟


سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں زائد العمری میں تیسری شادی کرنے کا مشورہ ان کے جواں سالہ بیٹے نے دیا تھا۔ یاد رہے کہ عتیقہ اوڈھو نے 2012 میں تحریک انصاف کراچی کے سیاستدان اور سماجی رہنما ثمر علی خان سے تیسری شادی کی تھی۔ اس سے پہلے عتیقہ اوڈھو بتا چکی ہیں کہ جب وہ تیسری شادی کے نکاح نامے پر دستخط کر رہی تھی تو ان کا نواسہ انکی گود میں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ثمر علی خان کو شادی کی پیش کش میں پہل کی تھی۔

اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کے بیٹے نے مشورہ دیا تھا کہ ثمر خان اچھے شخص ہیں، لہٰذا آپ ان سے شادی کرلیں۔ عتیقہ حال ہی میں ثمر علی خان کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی بارے کھل کر باتیں کیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کے اور ثمر علی خان کے شادی سے قبل بہت اچھے اور دوستانہ تعلقات تھے، دونوں سماجی خدمت کے کاموں کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر بھی کرتے رہتے تھے۔ ثمر علی خان نے بتایا کہ اگرچہ انہیں عتیقہ اوڈھو سے محبت ہو چکی تھی مگر ان کی عزت اور بھرم رکھنے کے لیے انہوں نے کبھی ان سے اظہار محبت نہیں کیا اور خاموشی سے ان کے ساتھ رہے۔

عتیقہ اوڈھو نے ایک سوال پر بتایا کہ انہیں ثمر کے ساتھ کام کرتا دیکھ کر ان کے بیٹے نے مشورہ دیا کہ وہ ان سے شادی کرلیں۔ انکا کہنا تھا کہ خواتین کو اپنے بچوں سے ایسے تعلقات رکھنے چاہئیں کہ وہ ان کی اولاد سے زیادہ ان کے دوست بن جائیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کا سہارا ان کے بچے بنے۔اداکارہ نے بتایا کہ بیٹے کے شادی کے مشورے کے بعد وہ ثمر کو کافی پلانے کے لیے باہر لی گئیں اور وہیں انہیں شادی کی پیش کش کر دی۔ عتیقہ کے مطابق انہوں نے مختصر الفاظ میں لیکن واضح انداز میں ثمر خان کو کہا کہ ہمیں شادی کر لینی چاہیے، جس پر وہ پہلے کچھ گھبرا گئے لیکن پھر ہاں کردی اور کہا کہ ٹھیک ہے، شادی کر لیتے ہیں۔

اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے نکاح نامے پر ان کے بیٹے اور داماد سمیت ثمر علی خان کے بیٹے نے بطور گواہ دستخط کیے جب کہ جب انہوں نے نکاح نامے پر دستخط کیے تو ان کا نواسہ ان کی گود میں تھا۔ خیال رہے کہ ثمر علی خان سے قبل عتیقہ اوڈھو نے دو شادیاں کی تھیں جو کہ طلاق پر ختم ہوئیں۔انہوں نے 1980 میں پہلی شادی کی ناکامی اور اولاد ہونے کے بعد ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ بطور میک اپ آرٹسٹ اور اسٹائلسٹ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر کام کرتی رہی تھیں۔

ماضی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی شادیوں سے متعلق بھی بات کی تھی اور بتایا تھا کہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد انہوں نے اپنی ہی مرضی سے دوسری شادی کی مگر اتفاق سے وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی اور ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔عتیقہ اوڈھو نے بتایا تھا کہ انہوں نے تمام شادیاں پسند اور پیار سے کیں۔

Back to top button