یونان کشتی حادثہ،15 انسانی اسمگلروں کےنام اسٹاپ لسٹ میں شامل

یونان کشتی حادثے میں ملوث 15 انسانی اسمگلروں کو اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ان 15 ملزامان کے نام اسٹاپ لسٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے فیصل آباد کی سفارش پر شامل کیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان یونان کشتی حادثے میں ملوث ہیں، ان کے خلاف فیصل آباد میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔جن 15 ملزمان کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے ہیں، ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ملزمان نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل یونان کےجنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد متعدد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک جب کہ کئی لاپتا ہوگئے تھے، دفتر خارجہ نے کشتی حادثے میں بچائے گئے47 پاکستانیوں کی فہرست جاری کی تھی۔
یونان میں پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نےبتایا تھا کہ کشتی حادثے میں اب بھی درجنوں پاکستانی لاپتا ہیں جن کے بچنے کی امیدیں بہت کم ہیں جب کہ حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی لاشیں سفارتخانہ اپنےخرچ پر پاکستان بھیجے گا۔
گزشتہ ہفتے یونانی حکام نے لاپتا افراد کومردہ قراردیتے ہوئے ان کی تلاش اور ریسکیو کے لیے جاری آپریشن روک دیا تھا جس کے بعد سانحے میں مرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نےانسانی اسمگلنگ سےمتعلق جاری تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ٹھوس سفارشات پیش کرنے،سہولت کاری میں ملوث وفاقی تحقیقات ادارے کے اہلکاروں کی نشاندہی اوران خلاف کےسخت کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئےمتعلقہ اداروں کو آپس کےرابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔