اتفاق رائے ہوچکا، آئینی ترمیم کرکے دکھائیں گے : بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم پر ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا اتفاق رائے ہوچکا تھا لیکن اس کےبعد جو شکایات آئیں جس کی وہ مذمت کرتےہیں۔

پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ سیاسی اتفاق رائے سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرکے میثاق جمہوریت میں عوام سے کیےگئے وعدوں کو پورا کریں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ خورشید شاہ نے گزشتہ روز ارکان پارلیمنٹ کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اسپیکر ان شکایات سے آگاہ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی (ف) میں اتفاق رائے کے اعلان کےبعد اس قسم کی شکایات کا سامنےآنا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، ہم امید کرتےہیں کہ خورشید شاہ کی سربراہی میں کام کرنےوالی کمیٹی ان شکایات کا ازالہ کرے گی تاکہ آئندہ یہ شکایات سامنےنہ آئیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم آئین سازی کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اتفاق رائے تقریباً ہو چکا ہے، عدالتی اصلاحات پر پیپلز پارٹی،جے یوآئی اور مسلم لیگ کا اتفاق ہو چکا ہے،ہم ان شاء اللہ اپنی سیاسی طاقت سے آئینی ترمیم منظور کرکے دکھائیں گے۔

خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے آئینی مسودہ متفقہ طور پر منظور کرلیا

بلاول بھٹو نے کہاکہ میں پارلیمانی پارٹی کےاجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمٰن سے ملوں گا، مولانا فضل الرحمٰن صاحب کےجائز مطالبات اور شکایات گزشتہ رات وزیر اعظم کے سامنے رکھی ہیں، میں امید کرتا ہوں کہ وزیراعظم نے کل جو یقین دہانی کرائی تھی آج اس پر عمل کریں گے،اگر ایسا ہوا تو ہم آئینی ترمیم کو منظور کرانے کے قابل ہوں گے۔

Back to top button