آخری دم تک لڑتے ہوئے اپنے مورچے میں مارا جانے والا وارث میر
تحریر:بشیر ریاض
بھٹو حکومت کو برطرف کر کے اقتدار پر قبضہ کرنے والے جنرل ضیاء الحق کے تاریک ترین مارشل لاء دور میں جب ایک طرف پروفیسر وارث میر اردو اخبارات میں اپنی فکر انگیز تحریروں کے ذریعے عوام کے لئے امیدوں کے دیے جلا رہے تھے تو دوسری جانب معروف انقلابی دانشور اور لکھاری احمد بشیر روزنامہ ڈان میں بلھے شاہ کے فرضی نام سے اپنے کالموں میں بین السطور ضیاء جنتا کا عوام دشمن ایجنڈا بے نقاب کرنے میں مصروف تھے۔ لیکن پھر ایک روز وارث میر اچانک اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ احمد بشیر نے اپنے دوست کی یاد میں ڈان میں بلھے شاہ کے نام سے جو کالم لکھا اسکا عنوان تھا "ہی ڈائیڈ ود ہز بوٹس آن”۔ یعنی "وہ آخری دم تک لڑتے ہوئے مارا گیا”۔ احمد بشیر نے لکھا کہ میرے دوست وارث میر کا خمیر عوام میں سے اٹھا تھا اور اسی لیے اس درویش کا جنازہ لاہور میں فیض احمد فیض کے بعد سب سے بڑا جنازہ تھا جسے اسکے نظریاتی دشمن بھی کاندھا دینے آئے تھے۔ وجہ یہ تھی کہ تمام تر اختلاف کے باوجود وہ اسکی فکری دیانت کے قائل تھے اور اس کی حق گوئی اور جرات سے مرعوب تھے۔
وارث میر کو ہم سے بچھڑے کئی عشرے بیت گے مگر آج بھی ان کی پر مغز اور فکر انگیز تحریوں کا مطالعہ کریں تو ان میں تازگی کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے۔ انہوں نے جن بھی موضوعات پر لکھا وہ آج بھی تازہ ہی لگتے ہیں حالانکہ انکے دور میں ذرائع ابلاغ محدود تھے، کیبل تھی، نہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا، فیس بک تھی نہ یو ٹیوب، موبائل فون تھا نہ گوگل کا نام و نشان، بس چند ایک اخبارات تھے یا پھر ہر وقت حکومتی مدح سرائی کرتا ہوا سرکاری ٹیلی وڑن اور ریڈیو۔ اس دور میں اخبارات پر سخت ترین سنسر شپ عائد تھی کیونکہ ایک فوجی آمر جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قابض ہو چکا تھا۔ اس دور میں اس ضیا مارشل لا کے خلاف مزاحمت کرنے والے سیاسی کارکنوں کو قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑتی تھیں، آئین معطل تھا، جمہوری سرگرمیوں پر پابندی تھی، سچ لکھنے والے صحافیوں کے لئے تازیانے تھے اور بعض کو تو اس دور میں باقاعدہ کوڑے بھی مارے گئے۔ اسکے علاوہ ضیا کے حواری بےضمیر اور قلم فروش صحافیوں کو پالنے پوسنے کا عمل بھی جاری تھا۔
مذہبی انتہا پسند اور دین اسلام کے نام پر سیاست کرنے والی ایک جماعت ان دنوں ضیاء کی ناجائز حکومت کی اندھا دھند حمایت کر رہی تھی اور سرکاری سرپرستی میں انتہا پسندی کو فروغ دیا جارہا تھا۔ اسلام کے نام پر ملائیت کو پروان چڑھایا جا رہا تھا اور ہر نئی سوچ اور فکر کو مغرب زدگی کا نام دے کر کچلا جارہا تھا، جنرل ضیا اس کے عوض اسلام کے نام نہاد ٹھیکیداروں سے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے حمایت حاصل کر رہا تھا۔
پروفیسر وارث میر نے ان مشکل ترین حالات میں بڑی جرات مندی کے ساتھ نام نہاد اسلامائزیشن کے عمل کی مخالفت کی اور ضیا کی اسلام کے نام پر آمرانہ اقتدار کو طول دینے کی کوششوں کو بے نقاب کیا، انہوں نے اسلام کی اپنی مرضی کی تعبیر کے ذریعے عورتوں کے حقوق غصب کرنے کی کوششوں کی بھہ کھل کر مخالفت کی۔ وارث میر نے جذباتیت کی بجائے سنجیدہ علمی انداز میں عورتوں کے حقوق کا مقدمہ لڑا۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کے عمیق مطالعے اور تحقیق کے بعد اپنا طویل سلسلہ مضامین شروع کیا جو ان کی وفات کے بعد "کیا عورت آدھی ہے؟’’ کے عنوان سے کتابی شکل میں شائع ہوا۔
پروفیسر وارث میر نے بنیادی انسانی حقوق، جمہوریت اور آئینی بالادستی کے حق میں اپنا قلم کلاشنکوف کی طرح چلایا، انہوں نے ضیا کے نام نہاد شریعت بل کی شدت سے مخالفت کی، وارث میر نے اس سے پہلے کے ماشل لا ادوار کے میں اپنائے گے ہتھکنڈوں کو بھی موضوع تحریر بنایا، اس دور میں ضیا حکومت کی دست راست ایک اسلامی جماعت وارث میر کی شدید مخالف تھی اور بہانے بہانے سے انکو تنگ کرتی رہتی تھی۔ زندگی کی آخری دنوں میں اس اسلامی ٹولے نے وارث میر کو ایک بڑا صدمہ یہ دیا کہ ان کو بلیک میل کرنے کے لیے اور ذہنی دباؤ میں لانے کے لیے انکے ایک 16 سالہ بیٹے کے خلاف قتل کا جھوٹا مقدمہ درج کروا دیا۔ بعد میں یہ کیس جھوٹا ثابت ہوا لیکن تب تک وارث میر شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو کر اس جہان فانی سے جوانعمری میں ہی رخصت ہو چکے تھے۔
پروفیسر وارث میر کے اپنے الفاظ میں ایک سچا اور کھرا دانشور اپنے عہد سے جڑا ہوتا ہے۔ وہ عصری مسائل پر بات کرتا اور بہتر مستقبل کے لئے عوام الناس کی فکری رہنمائی کرتا ہے، وہ آج کے حالات و واقعات کا تجزیہ کرتے ہوئے مستقبل میں جھانک لیتا ہے اور اس کی خبر دیتا ہے۔ وارث میر نے بھی اپنے عہد میں آئیں شکن ضیاالحق اور اسکے پروردہ مذہبی حلقوں کی پھیلائی ہوئی تنگ نظری اور جہالت کو موضوع بنایا اور بتایا کہ یہ ایک صحت مند معاشرے کے لئے کس قدر خطرناک ہے۔ آنے والے وقت میں ان کا لکھا ہوا ہر حرف درست ثابت ہوا۔ یہی فکری تنگ نظری، شدت پسندی اور رجعت پسندی بعد میں انتہا پسندی اور پھر دہشت گردی میں بدل گئی جس نے پاکستان کے چپے چپے کو لہو رنگ کردیا۔
وارث میر اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مارشل لا کے حواریوں کے خلاف قلمی اور علمی محاذ پر برسر پیکار رہے۔ وہ مسلمانوں کو جدید سائنسی علوم کے حصول پر قائل کرتے اور مسائل و معاملات میں سائنسی اور عقلی انداز فکر اپنانے پر زور دیتے۔ وارث میر ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ وہ ایک ایسے استاد، صحافی، دانش ور اور مقرر تھے جس نے ان گنت موضوعات پر قلم اٹھایا اور قوم کی فکری رہنمائی کا فریضہ جرات مندی سے سر انجام دیا۔ وہ اپنے نظریات کی عملی شکل تھے، ان کی صرف 48 برس کی عمر میں اچانک اور پراسرار موت پر ایک زمانہ ملول تھا۔ وارث میر کی جنگ دراصل جہل، ظلمت، تنگ نظری، انتہا پسندی اور آمریت کے خلاف تھی، وہ عمر بھر اپنی تحریروں اور تقریروں کے ذریعے حریت فکر کے چراغ جلاتے رہے، اپنے نظریات کا پرچار ان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہوتا اور ایسا ہو ہی نہیں سکتا تھا کہ جس بات کو وہ درست سمجھتے ہوں اسے زبان پر یا ضبط تحریر میں نہ لائیں۔
پاکستان میں ایسے دانشور کم ہی گزرے ہیں جنہوں نے اپنے نظریات کے لئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کی ہو۔ وارث میر کا شمار ان دانشوروں میں ہوتا ہے جنہوں نے زندگی کی آخری سانس بھی اپنے نظریات کے پرچار کی نظر کردی۔ بلاشبہ وارث میر آخری دم تک لڑتے ہوئے وہیں اپنے مورچے میں مارا گیا۔