اداکار محسن عباس نے سوشل میڈیا کو جعلی قرار دیدیا

ڈراموں اور فلمی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے اداکار محسن عباس نے سوشل میڈیا کو انسانی زندگی کے لیے انتہائی تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں کی زندگیاں اس سوشل میڈیا نے تباہ کر دی ہیں۔

حال ہی میں اداکار محسن عباس حیدر ایک نجی پروگرام میں شریک ہوئے جس میں انہوں نے سوشل میڈیا اور اس کے اثرات کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

محسن عباس حیدر نے کہا کہ سوشل میڈیا جعلی ہے، یہ سب جھوٹ پر مبنی ہے، سوشل میڈیا نے بہت سے گھر اور زندگیاں تباہ کر دی ہیں کیونکہ لوگ ان کے جعلی پہلو دکھا رہے ہیں، انہوں نے خوبصورتی کے جعلی معیار بنا رکھے ہیں، وہ جعلی طرز زندگی کی تصویر کشی کر رہے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ لوگ ہمیشہ سوشل میڈیا پر اپنا پرفیکٹ پہلو دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جس کا کوئی وجود بھی نہیں ہوتا، وہ اپنی خامیوں اور ناکامیوں کو نہیں دکھاتے، اگر وہ حقیقت کو سامنے لائیں گے تو ہم اس سے کچھ سیکھ سکیں گے لیکن ایسا نہیں ہوتا۔

محسن عباس حیدر نے کہا کہ مجھے کبھی کسی سے کام مانگنے کی ضرورت پیش نہیں آئی کیونکہ میرا اللہ پر توکل بہت مضبوط ہے جو میرے حصے کا ہے وہ مجھ سے کوئی نہیں لے سکتا اور اگر وہ کسی اور کے حصے کا ہے اور وہ میرے سے ہوتے ہوئے کہیں اور چلا جاتا ہے تو میں اس پر بھی کبھی افسردہ نہیں ہوا۔

دورانِ انٹرویو ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو 3 بڑے پروجیکٹ بتاتا ہوں، پہلا "خانی” ڈرامہ مجھے آفر ہوا جو میں نہیں کر پایا جس سے فیروز خان کا کیرئیر عروج پر پہنچ گیا۔ دوسرا پراجیکٹ” رانجھا رانجھا کردی "کا بھولے کا کردار جس نے عمران اشرف کو عروج پر پہنچا دیا۔ اسی طرح ڈرامہ سیریل "پری زاد” کا سکرپٹ میرے گھر پر رکھا ہے، کتاب پڑی ہے، کانٹریکٹ پڑا ہے لیکن میں نہیں کر پایا، ” پری زاد ” نے اداکار احمد علی اکبر کے نصیب کو بدل دیا اور ان کا کیرئیر عروج پر پہنچ گیا۔

یاد رہے کہ اداکار محسن عباس حیدر پچھلے دنوں ڈرامے ’سیانی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے تھے ڈرامہ سیریل میں ان کی پرفارمنس کو شائقین میں خوب مقبولیت ملی تھی اور کافی سراہا گیا

Back to top button