لیجنڈری بھارتی گلوکارہ آشا بھوسلے کا 92 برس کی عمر میں انتقال

بھارت کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 92 سالہ معروف گلوکارہ کو ہفتے کے روز طبیعت خراب ہونے پر ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق آشا بھوسلے کو سینے کے انفیکشن کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ان کا انتقال متعدد اعضا کے فیل ہونے کے سبب ہوا۔لیجنڈ گلوکارہ کے بیٹے آنند بھوسلے کا کہنا ہے کہ آشا بھوسلے کی آخری رسومات کل شام ادا کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ آشا بھوسلے کی ہسپتال میں داخلے کی خبر پوتی زنائی بھوسلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی تھی۔اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ "میری دادی آشا بھوسلے کو شدید تھکن اور سینے میں انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔”زنائی نے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ "لیجنڈ گلوکارہ کا علاج جاری ہے اور امید ہے کہ سب کچھ بہتر ہو جائے گا، ہم آپ کو صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔”

واضح رہے کہ آشا بھوسلے نے بالی وڈ میں متعدد سپرہٹ گانے گائے، جبکہ انہیں 2000 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2008 میں بھارت کے دوسرے بڑے شہری اعزاز پدم وبھوشن سے بھی نوازا گیا۔8 ستمبر 1933 کو پیدا ہونے والی آشا بھوسلے بھارتی فلمی صنعت کی سب سے بااثر اور ورسٹائل گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے ’کجرا محبت والا‘، ’رادھا کیسے نہ جلے‘ اور ’لے گئی‘ جیسے کئی لازوال گیتوں کو اپنی آواز دی۔ آشا بھوسلے لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن تھیں۔

Back to top button