سانحہ پمز: انکوائری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری

پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر خورشید اترا، ڈاکٹر نبیل اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
کمیٹی پمز ہسپتال میں آگ لگنے کی وجوہات اور واقعے کی مکمل ٹائم لائن کا تعین کرے گی۔ جبکہ ہسپتال عملے، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ہنگامی ردعمل اور امدادی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
انکوائری کمیٹی واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد اور ان کی ذمہ داری کا تعین کرے گی، جبکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پمز کے انتظامی نظام میں اصلاحات کی سفارشات بھی پیش کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی 48 گھنٹوں میں عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، جبکہ مکمل تحقیقات اور سفارشات پر مشتمل جامع رپورٹ 5 روز میں پیش کی جائے گی۔
وزارت قومی صحت کو فوری طور پر انکوائری کمیٹی کو نوٹیفائی کرنے اور ضروری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
