پاکستان کے پاس قدرتی آفات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ ہے،اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس قدرتی آفات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ ہے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی بوٹچوے سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور دولت مشترکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کے بانی رکن کی حیثیت سے اپنے عزم پر قائم ہے۔ اور نوجوانوں، موسمیاتی استحکام اور پائیدار ترقی کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے تجارت کے فروغ کے لیے بینکنگ شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو ضروری قرار دیا۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں دولت مشترکہ ڈیزاسٹر ریزیلینس ہب قائم کرنے کی پیشکش بھی دہرائی، جسے این ڈی ایم اے اسلام آباد میں قائم کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی بوٹچوے نے کہا کہ دولت مشترکہ آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے۔

ملاقات میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے دولت مشترکہ کے تحت تعاون اور سرگرمیاں مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل کو مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور امریکا و ایران کے درمیان امن کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار سے آگاہ کیا۔

شرلی بوٹچوے نے ثالثی کی کوششوں پر پاکستان اور اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور تباہ کن جنگ ٹالنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Back to top button