بلاول بھٹو کی اپوزیشن سےملاقات کوسیاسی رنگ دینامناسب نہیں،فیصل کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے اپوزیشن میں بیٹھنے یا نہ بیٹھنے کا فیصلہ کور کمیٹی کرے گی، بلاول بھٹو زرداری کی اپوزیشن لیڈر سے معمول کی ملاقات ہوئی ہے، جسے سیاسی طور پرغیرمعمولی رنگ دینا مناسب نہیں۔

فیصل کنڈی نے کہا کہ اپوزیشن اورحکومتی بینچز قانون سازی کے حوالے سے ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں، بلاول بھٹو کی اپوزیشن سے ملاقات کو چائے کی پیالی میں طوفان والی بات قرار دینا درست ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے سیاسی معاملات اورآئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے اور اپوزیشن میں بیٹھنے یا حکومت کے ساتھ رہنے سے متعلق حتمی فیصلہ پارٹی کی کور کمیٹی کرے گی، سیاسی ملاقاتوں کو کسی حتمی فیصلے سے تعبیر نہیں کرنا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی کو مولانا فضل الرحمان سے اپنے کیے پر معافی مانگنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات اپنی جگہ لیکن ملکی سیاست میں مفاہمت اور بات چیت کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔

ملکی اورعلاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ اور سفارتکاری میں فیلڈ مارشل کا کردار مثالی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 47 سال بعد ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، جو پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے، دنیا اب اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور ملک نے مشکل حالات میں ذمہ دارانہ سفارتکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔

 

Back to top button