پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالرتک پہنچ گئیں

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات صرف ایک ماہ کے دوران 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالرتک پہنچ گئیں۔
پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت نے اہم پیشرفت کی ہے جس کے تحت ملک سے ہونے والی آئی ٹی ایکسپورٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے
گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں 18 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جون کی نسبت جولائی میں برآمدات میں 10 لاکھ ڈالر کا مزید بہتری کا رجحان دیکھا گیا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے ماہانہ 400 ملین ڈالر سے زائد کی آئی ٹی برآمدات کا تسلسل برقرار ہے جو کہ ملکی تاریخ میں ایک نیو نارمل بن چکا ہے۔
معاشی و آئی ٹی ماہر محمد فرحان کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار پاکستانی ٹیک سیکٹر کی پائیدار پیشرفت اور عالمی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہیں۔
گلوبل فری لانسرز یونین کے اعزازی صدر طفیل احمد خان کے مطابق فری لانسنگ پلیٹ فارمز، لوکل سافٹ ویئر ہاؤسز کی بین الاقوامی توسیع اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئی ٹی کمپنیوں کے لیے غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کے عمل کو آسان بنانا اس نمو کا بنیادی سبب ہے۔
طفیل احمد خان کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور وزارت آئی ٹی کی جانب سے فری لانسرز کے لیے ادائیگیوں کے نظام میں بہتری اور پے پال/بین الاقوامی ادائیگیوں کے متبادل راستے فراہم کرنے کی پالیسیوں نے برآمد کنندگان کا حوصلہ بڑھایا ہے۔
