پمز واقعے کے سی سی ٹی وی سمیت تمام شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں: طلال چوہدری

 

 

 

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پمز ہسپتال میں ابتدائی ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔سی سی ٹی وی سمیت تمام شواہد محفوظ کرلیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہاکہ تمام بچوں کی میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں،واقعے کی تحقیقات کےلیے وزیر اعظم نے انکوائری ٹیم تشکیل دی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کو بھیجی گئی ہے،ریسکیو ٹیم اطلاع ملنے کے 6 منٹ کے اندر ہسپتال پہنچی۔آپریشن کے فوری بعد تمام انتظامی افسران یہاں موجود تھے،کسی کی کوتاہی ہوئی تو انکوائری میں سامنے آجائےگی۔

انہوں نے کہاکہ انکوائری میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ ایمرجنسی کے دروازے کیوں بند تھے، ہسپتال میں کتنے ڈاکٹرز،نرسز اور دیگر عملہ موجود تھا، فائر سیفٹی کے کیا انتظامات تھے اور ہسپتال میں کہاں کہاں خامیاں موجود تھیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں کوئی کوتاہی نہیں ہوئی، ریسکیو اہلکاروں نے لوگوں کو نکالنے کےلیے دیواریں اور شیشے توڑے جب کہ تین مقامات پر شیشے توڑکر سیڑھیوں کے ذریعے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔

پمز ہسپتال واقعہ: وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری صحت کو عہدے سے ہٹا دیا

وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ سی سی ٹی وی سمیت تمام شواہد محفوظ کرلیے گئے ہیں،واقعے کے وقت کتنے ڈاکٹرز اور عملہ موجود تھا انکوائری میں سامنے آجائے گا۔

 

Back to top button