پمز ہسپتال میں آگ لگنے کا واقعہ، وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے،جس میں واقعے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ حکام اور اداروں کے سربراہان کو وزیراعظم ہاؤس طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کےمطابق اجلاس میں پمز ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
دوسری جانب حکام کے مطابق واقعے کی انکوائری کےلیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دےدی گئی ہے، انکوائری کمیٹی آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔
انکوائری کمیٹی کے سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کریں گے جب کہ کمیٹی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی اور ایس پی سٹی بھی شامل ہیں، اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن اور ڈی جی سی ڈی اے بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
آئیسکو اور پمز ہسپتال کے افسران کو بھی کمیٹی میں شامل کیاگیا ہے،انکوائری کمیٹی تحقیقات کے بعد 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔
اسلام آباد : پمز ہسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 بچے جاں بحق
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہےکہ پمز ہسپتال کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں،اگر کسی کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا ہےتو اسے نہیں چھوڑا جائے گا،اگر واقعے میں میری غلطی ہوگی تو مجھے بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔
