پمز ہسپتال واقعہ: وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری صحت کو عہدے سے ہٹا دیا

 

 

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں 14 نومولود کی اموات پر وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو عہدے سے ہٹادیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پمز ہسپتال آتشزدگی واقعہ پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹادیا اور وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کو فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سطح تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان اور دیگر ارکان کمیٹی میں شامل ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افسوسناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی اور کہا کہ بچوں کے ساتھ اس نوعیت کا واقعہ ناقابلِ تلافی ہے، واقعے کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعظم نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

 

Back to top button