ظالم حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت اور ان کی اتحادی جماعتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب نورا کشتی کرتے ہیں لیکن ہم اپنے دھرنوں سے ظالم حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مال روڈ لاہور میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اللہ کے نبی حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت ہے، ہمیں اپنے دھرنوں میں سیرت النبیﷺ کا پیغام پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور اور کراچی میں ہونے والا دھرنا اب ملک بھر میں پھیل رہا ہے، حیدرآباد میں بھی مہنگائی اور لیوی کے خلاف دھرنا شروع ہو چکا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پمز اسپتال میں 14 نومولود جاں بحق ہو گئے، کرپٹ حکمران ہوں تو ملک میں سانحات ہوتے رہتے ہیں، آج پیپلز پارٹی اچھل اچھل کر اسلام آباد واقعے کی مذمت کر رہی ہے، یہ سب نوراکشتی کرتے ہیں، ایک دوسرے کے خلاف بات کر کے عوام کو بے وقوف بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پمز میں اگر سیاست دانوں اور طاقت وروں کے بچے ہوتے تو آج حالات ایسے نہ ہوتے، ملک میں سانحات پر صرف کمیٹیاں بنتی ہیں اور نتائج صفر ہوتے ہیں، ہمیں پمز میں جاں بحق بچوں کا حساب چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ہی ٹولہ ہے جنہوں نے عوام کو بےوقوف بنا رکھا ہے، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔
