الیکشن کمیشن نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔
پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جبکہ یہ واضح بھی نہیں کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔
اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان پہنچی تھی۔
اب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے کسی افسر کے موجود نہ ہونے سے متعلق بیان پر الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ درست نہیں ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی آر اینڈ آئی برانچ کھلی ہے اور متعلقہ افسران موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کر رکھا ہے جو 24 گھنٹے کے لیے کام کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ علی حیدر گیلانی کا اپنی ووٹ ضائع کرنے سے متعلق ویڈیو پر موقف سامنے آیا ہے جس کے مطابق ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔
دوسری طرف سابق وزیراعظم اور اسلام آباد سے سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ عدالت نے ہمارے مؤقف کے حق میں فیصلہ کیا، یہ ملک اور پارلیمنٹ کیلئے ہمارا پہلا تحفہ ہے ۔یوسف گیلانی نے کہا کہ اگر حکومت سیکریٹ بیلٹ کو ختم کرنا چاہتی ہے تو آئے ہمارے ساتھ بیٹھے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری وجہ سے آج وزیراعظم ایم این ایز، ایم پی ایز اور سینیٹرز سے مل رہے ہیں، یہ ارکان اسمبلی سے مل بھی رہے ہیں 50، 50 کروڑ روپے کے فنڈ بھی دے رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم جس مقصد کیلئے آئے تھے وہ مکمل ہوگیا۔اپنے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سے متعلق یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھونڈے سے الزامات لگائے ہیں، نہ نام پتہ ہے نہ یہ پتہ کہ کون ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے، آپ اپنے ارکان کو سنبھالیں، ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے ، میں تو عمران خان کو بھی خط لکھا ہے کہ مجھے ووٹ دیں۔