پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی مزید وضاحت کےلیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں سےمتعلق کیس کی مزید وضاحت کےلیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سےدائر درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو خط پر وضاحت کی استدعا کرتےہوئے کہا گیاہے کہ عدالت واضح کرےکہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کااطلاق 12 جولائی کےآرڈر پر نہیں ہوتا۔
دائر درخواست میں کہاگیا ہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی،اسپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو خطوط درست قانونی پوزیشن واضح نہیں کرتے،دونوں اسمبلیوں کے اسپیکروں کےخطوط کا 12 جولائی کےمختصر فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑتا،دونوں اسمبلیوں کے اسپیکروں کے خطوط الیکشن کمیشن کی جانب سے نظر انداز کیےجانے چاہئیں، 14 ستمبر کے وضاحتی حکم نامےکی روشنی میں الیکشن کمیشن 12 جولائی کےمختصر فیصلے پر عملدرآمد کاپابند ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ معاملے کے زیر التوا ہونےتک الیکشن کمیشن کو کسی بھی جماعت کو مخصوص نشستیں الاٹ کرنےسے روکاجائے اور عدالت ان تمام پہلوؤں کی وضاحت جاری کرے۔
یادرہے کہ چند روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی جماعتوں کو الیکشن ایکٹ کےتحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنےکا کہاتھا۔