کراچی ایئرپورٹ دھماکا غیرملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے کیا گیا، ابتدائی رپورٹ

محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ (سی ٹی ڈی) نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی باشندوں کےقافلے پر کیے جانےوالے خودکش حملے میں غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو ملوث قرار دے دیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں واقعے ابتدائی رپورٹ جمع کراتے ہوئے مؤقف اپنایا ہےکہ دہشت گردوں نے پاک چین تعلقات خراب کرنے کےلیے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی ملوث ہے، دہشت گردوں نے ملک دشمن غیرملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا۔
رپورٹ میں بتایاگیا ہےکہ نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چینی باشندوں کی گاڑیوں کے قافلے کے قریب لاکر دھماکے سے اڑایا۔
رپورٹ کےمطابق خودکش دھماکا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آؤٹر ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کےسامنے کیا گیا، پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پرپہنچی۔
رپورٹ کےمطابق دھماکے میں 2 چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد لقمہ اجل بنے جب کہ 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے،دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طورپر تباہ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے کی ذمے داری بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نےقبول کرلی ہے،واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیاگیا ہے،جس میں قتل،اقدام قتل، خودکش حملے،دھماکا خیزمواد،دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ماہ رنگ بلوچ کے خلاف کراچی میں دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج
واضح رہے کہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ایئرپورٹ کےقریب خودکش بم دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جب کہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت 12 سےزائد افراد زخمی ہوئے تھے اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچاتھا۔
دھماکا اس قدر شدید تھاکہ اس کی گونج ڈسٹرکٹ سینٹرل سمیت شہر کے دور دراز علاقوں میں بھی سنی گئی تھی،ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ آئل ٹینکر پھٹنے کو قرار دیاگیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد اسے خودکش دھماکا قرار دیاگیا تھا۔
