پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی و فضائی تعاون پر اعلیٰ سطحی ملاقاتیں

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے سعودی عرب کے دورے کے دوران رائل سعودی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔

دورے کے موقع پر رائل سعودی فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سربراہ پاک فضائیہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات کے امکانات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے موجودہ سطح کے دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ تربیت، آپریشنل تعاون اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدوں کو باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل نے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کثیرالقومی مشقوں کے ذریعے فوجی سطح پر تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین فورس میں تبدیلی کے عمل پر بھی روشنی ڈالی۔

سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل برتری اور اعلیٰ جنگی تیاری کو سراہا، جبکہ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مشترکہ تربیت اور عملی تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

سعودی قیادت نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور مؤثر کردار کی تعریف بھی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوطی کا عکاس ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک دفاع اور ہوابازی کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Back to top button