بھارت کا دہشت گردی پر مبنی من گھڑت بیانیہ حقائق نہیں چھپا سکتا،دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کا دہشت گردی کے حوالے سے من گھڑت بیانیہ اور پاکستان کے خلاف جارحانہ موقف حقائق کو چھپانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ بھارت خطے میں امن کے لیے مسلسل خلل ڈالنے والا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت نے بیرون ملک ماورائے عدالت قتل کیے، ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی، اور کلبھوشن جیسے آپریٹوز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مطلوب مجرموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کیں اور ملک میں اقلیتیں بڑھتی ہوئی ہراسانی اور جبر کا سامنا کر رہی ہیں۔
ترجمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط اور کثیرالجہتی نوعیت کا قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ کسی مخصوص دفاعی پلیٹ فارم یا قرض پر کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا، اور کسی بھی ممکنہ دفاعی معاہدے کی تصدیق باضابطہ تکمیل کے بعد کی جائے گی۔ پاک سعودی دفاعی تعاون موجودہ فریم ورک کے تحت جاری ہے اور آگے بڑھ رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجی بھیجنے کے کسی فیصلے کی معلومات نہیں ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد دفاعی منصوبے زیر غور ہیں، لیکن فوجیوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ دفاعی تعاون باہمی معاہدوں اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق جاری رہے گا۔
