مظفرآباد: پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹرتباہ،تمام اہلکار شہید

مظفرآباد کے نواحی علاقے میں پاک آرمی ایوی ایشن کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے دوران اچانک فنی خرابی کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں یہ گر کر تباہ ہوگیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے اور حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات اور فنی خرابی کی نوعیت جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا ایک Mi-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔ حادثے میں کسی بھی اہلکار کے زندہ بچنے کی اطلاع نہیں ملی۔آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ آج اس وقت پیش آیا جب آرمی ایوی ایشن کا Mi-17 ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران ٹیک آف کر رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث کنٹرول برقرار نہ رہ سکا اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ترجمان کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، تاہم تمام اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے جو تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس سٹاف اور پاک فوج کے افسران و جوانوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
