ایدھی صاحب کے ساتھ وائرل تصویر پر کومل رضوی کی وضاحت

گلوکارہ و اداکارہ کومل رضوی نے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی مرحوم کے ہمراہ ماضی میں وائرل ہونے والی سیلفی کی وضاحت دیتے ہوئے مذکورہ قصے کا احوال مداحوں کو بتایا۔
کومل رضوی نے حال ہی میں ویب چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے انٹرویو دیتے ہوئے کچھ سال قبل وائرل ہونے والی تصویر کا تذکرہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب عبدالستار ایدھی ڈائیلائسس کے لیے اسپتال میں زیرِ علاج تھے، ان کی طبیعت کافی خراب تھی تو میں نے سوچا ایک بار ان سے مِل لوں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہاں پہنچنے پر ایدھی صاحب کے بیٹے نے مجھ سے فرمائش کی کہ اگر آپ برا نا مانیں تو گانا ’لمبی جدائی‘ سنا دیں، میں نے گانا سنایا تو انہوں نے میرے ساتھ سیلفی لی۔ اس کے بعد میری بھی ہمت ہوئی تو میں نے ایدھی صاحب سے سیلفی کا پوچھ لیا۔.کومل کا کہنا تھا کہ ایک تصویر میں ایدھی صاحب کی آنکھ بند ہوگئی اور میں نے جلدی میں وہ تمام تصویریں سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کر دیں، اگلی صبح میرے بھائی کا فون آیا اور اس نے کہا تم وہ سیلفی ڈیلیٹ کرو۔

دوران انٹرویو اداکارہ و گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے صاف انکار کر دیا کیونکہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا تھا۔

کومل نے بتایا کہ اس ٹرولنگ کی وجہ سے میں 2 سے 3 دِن تک روتی رہی لیکن میرے والد نے مجھ سے کہا کہ اتنے سال سے تم انڈسٹری میں ہو شکر کرو یہ ایک اسکینڈل ایدھی صاحب کے ساتھ ہی بنا ہے۔

Back to top button