9 مئی کیس: عمر ایوب، شبلی فراز، حماد اظہر سمیت 47 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا

 

 

 

 

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے زرتاج گل، عمر ایوب، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر سمیت 47 اشتہاریوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔

 

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی جی ایچ کیو کیس کا فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے اشتہاری ملزمان کو قید کے ساتھ 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی اور ان کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دےدیا۔

عدالت سے سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور راشد شفیق شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ بھی ملزمان میں شامل ہیں۔عدالت نے شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی کو بھی قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سزا پانے والے ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث پائےگئے،جے آئی ٹی رپورٹ نے ملزمان کو پر تشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث مرکزی ملزم قرار دیا۔فیصلے کےمطابق ملزمان پر 9 مئی کو جلاؤگھیراؤ،توڑ پھوڑ،پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے،مقدمےمیں عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی۔

عدالت نے فیصلے میں لکھاکہ مقدمے میں اب تک استغاثا کے کل 44 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں، 118ملزمان میں 18 ملزمان دوران ٹرائل عدالت سے مسلسل غیرحاضر پائے گئے، 29ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔عدالت نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایاگیا۔

 

پراسکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو اشتہاری ملزمان کےخلاف کارروائی کی درخواست دائرکی،عدالت نے پراسکیوشن کی درخواست پر انکوائری تشکیل دی، رواں سال 8 جنوری کو 47 مفرور ملزمان کا اشتہار جاری کیا گیا۔فیصلے میں کہا گیا ہےکہ اشتہاری ملزمان کو 7دن کے اندر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا موقع دیا،عدالتی احکامات اور اشتہار جاری ہونے کے باوجود کوئی ملزم عدالت پیش نہیں ہوا۔

 

 

Back to top button