ایس سی او کانفرنس کے انعقاد پر کتنا خرچہ ہوگا؟

15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)  کا سربراہی اجلاس منعقد ہورہا ہے، ایس سی او اجلاس میں 7 ممالک کے وزرائے اعظم، بھارتی وزیر خارجہ اور مختلف ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔

کانفرنس سے قبل اسلام آباد کی تزئین و آرائش کا کام کیاگیا ہے۔ شہر کو روشنیوں اور دیگر ڈیکوریشن سے سجایا گیا ہے، سڑکوں کی مرمت کی گئی اور ہر چوک چوراہے سمیت پورے شہر کو ایسا سجایا گیا ہے کہ جیسے کوئی بڑا میلہ ہو۔

اب سوال یہ ہے کہ اس کانفرنس کےلیے شہر کی تزئین و آرائش پر کتنے کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں، سڑکوں کی مرمت پر کتنا خرچ کیاگیا ہے، اس کے علاوہ مہمانوں کی آمد و رفت کےلیے کتنا پیٹرول مختص کیاگیا ہے؟

ایس سی او کانفرنس کےموقع پر اسلام آباد  کی تزئین و آرائش کا کام سی ڈی اے کررہا ہے۔ سی ڈی اے نےشہر کی شاہراہوں اور شاہراہ دستور پر واقع بڑی عمارتوں کو روشن کرنے اور لائٹس لگانے کا ٹھیکا ایک لائٹنگ کمپنی کو دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں کی گئی ڈیکوریشن 16 اکتوبر کی رات تک کےلیے ہے اور اس تمام لائٹنگ کےلیے تار، بجلی سب لائٹنگ کمپنی نے ہی لگائی ہے۔ اس کا ٹھیکا 40 کروڑ روپے کا ہے۔ یعنی شہر بھر میں جو چراغاں کیا ہے وہ سب 40 کروڑ کے عوض کیاگیا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں چینی وزیرِ اعظم لی کی چیانگ اپنے وفد کی قیادت کریں گے۔

ایس سی او کانفرنس سےقبل سی ڈی اے نے وی آئی پیز کےاستعمال ہونے ان تمام شاہراہوں کی پھر سےمرمت کی ہے اور مختلف مقامات پر دوبارہ کارپٹنگ بھی کی ہے اس کےعلاوہ کیٹ آئیز بھی لگائی گئی ہیں۔سڑکوں پر نشان بھی لگائےگئے ہیں جب کہ روڈ ڈیوائڈر اور سائیڈ لائن پر بھی نیا رنگ دیاگیا ہے، جس سے شاہرائیں بہت زیادہ خوبصورت ہوگئی ہیں۔ سی ڈی اے کے ایک سینیئر افسر نے بتایاکہ اس تمام مرمت،کارپیٹنگ،کیٹ آئیز اور لین مارکنگ کا ابھی تک مکمل بل تو نہیں ہوا، لیکن ایک محتاط اندازے کےمطابق اس پر 30 سے 32 کروڑ روپے کا خرچ ہوا ہے۔

ایس سی او کانفرنس میں شرکت کےلیے مختلف ممالک کے سربراہان آرہے ہیں، وی آئی پی کی موومنٹ کےلیے بڑےبڑے اسکاٹ چلیں گے جس میں مختلف گاڑیاں شامل ہوں گی۔ان گاڑیوں کے پیٹرول کےلیے 60 ہزار لیٹر تک کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ کانفرنس میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کےلیے ایک کروڑ 56 لاکھ 60 ہزار روپے کا خرچ کا بجٹ رکھاگیا ہے۔

Back to top button