ایک سے بڑھ ایک بالی ووڈ فلموں نے 2023 کو کیسے کامیاب بنایا؟

2023 بالی ووڈ کے لیے کامیاب ترین سال ثابت ہوا جس میں متعدد فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئیں جبکہ رواں برس دسمبر میں بھی سالار جیسی فلم نے ابھی تک 400 کروڑ کا بزنس کر کے بالی ووڈ کو کامیابی کی سیڑھی پر چڑھایا ہے۔2023 میں جہاں بڑے بجٹ کی میگا فلمیں سنیما ہالوں کی رونقیں واپس لائیں وہیں کئی چھوٹی فلموں نے بڑے اور اہم مسائل پر بات کرنے کی طاقت دکھائی، 2023 کو شاہ رخ خان کا سال کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، جس طرح شاہ رخ نے 1993 میں ’بازیگر‘ میں اینٹی ہیرو بن کر لوگوں کو حیران کیا، اسی طرح 2023 میں شاہ رخ نے ایکشن سپر سٹار بن کر لوگوں کو حیران کر دیا۔’جوان‘ اور ’پٹھان‘ ایسے وقت میں آئیں جب شاہ رخ کی ’زیرو‘ جیسی فلمیں ناکام ہو چکی تھیں اور ان کے بیٹے آریان خان جیل سے واپس آ چکے تھے۔2023 میں شاہ رخ اپنے کنگ آف رومانس امیج سے ہٹ کر خود کو ایک نئے ایکشن انداز میں پیش کرنے میں بھی کامیاب رہے، سال کے آخر میں شاہ رخ ایک بار پھر مشہور ہدایت کار راجکمار ہیرانی کی فلم ’ڈنکی‘ بھی سینما سکرینوں پر موجود ہے، فلم نے ریلیز کے بعد 211 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر لی تھی۔2023 میں ایک اور خاص بات یہ تھی کہ 90 کی دہائی کے کئی بڑے ہیروز نے دکھایا کہ ان کا سکہ اب بھی چلتا ہے چاہے وہ سلمان خان کی ’ٹائیگر زندہ‘ کی کامیابی ہو یا سنی دیول کی ’غدر-2‘ کی۔مرکزی دھارے کا سنیما اور ممنوع موضوعات تجارتی سنیما میں ممنوع سمجھے جانے والے مسائل کو اٹھانا ہمیشہ سے ایک پرخطر کاروبار رہا ہے۔ 2023 میں پنکج ترپاٹھی اور اکشے کمار نے یہ خطرہ اس وقت اٹھایا جب فلم ’او ایم جی-2‘ میں بچوں میں جنسی تعلیم کا موضوع اٹھایا گیا۔ بچوں کو سکولوں میں جنسی تعلقات کے بارے میں کیوں پڑھایا جانا چاہیے، سامعین کو بے چین کیے بغیر مشت زنی جیسے الفاظ متعارف کروانا ایک پیچیدہ کام تھا۔ لیکن ہدایت کار امت رائے اور پنکج ترپاٹھی نے اپنی محنت سے اس پیچیدہ کام کو پورا کیا۔فلم او ایم جی ٹو کے حوالے سے انڈین ایکسپریس کی نقاد شبھرا گپتا نے اپنے ریویو میں لکھا، ’ایک طویل عرصے بعد میں نے اکشے کمار کی اداکاری سے لطف اٹھایا۔ اور OMG-2 نے مجھے حیران کر دیا۔’’اینیمل‘‘ سپر ہٹ فلم یا زہریلا ہیرو جس فلم کا شاید سب سے زیادہ چرچا ہوا وہ ’اینیمل ‘ تھی۔ ڈائریکٹر سندیپ وینگا ریڈی نے چار سال پہلے اپنی فلم ’کبیر سنگھ‘ کے بعد جو بحث شروع کی تھی، ’اینیمل‘ پھر سے ناظرین کو اسی دوراہے پر لے آتی ہے۔’اینیمل‘ ایک بڑے ہیرو کے ساتھ ایک کامیاب کمرشل فلم، جسے کچھ لوگوں نے پورا پیسہ وصول اور دوسروں نے زہریلی سوچ کے ساتھ الفا مردوں کو فروغ دینے والی فلم قرار دیا۔ سینئر مبصر ناصرالدین کہتے ہیں، ’یہ فلم نظریہ کی سطح پر خطرناک دکھائی دیتی ہے۔ ’اینیمل‘ ایک بہت کامیاب فلم ہے جسے مرد اور خواتین دونوں نے پسند کیا۔کرن جوہر نے فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں ایک ہائپر مردانہ ہیرو کی تصویر سے ہٹ کر کچھ مختلف دکھانے کی کوشش کی ہے۔ فلم نقاد نمرتا جوشی نے فلمی جائزے میں لکھا تھا کہ کرن جوہر نے پرانی بوتل میں نئی شراب پیش کی ہے۔گزشتہ سال ریلیز ہونے والی ’دی کشمیر فائلز‘’ کی طرح ’دی کیرالہ سٹوری‘ پر بھی مذہبی تنازعے کا سایہ پڑ گیا۔ سنیما ہالوں کے علاوہ او ٹی ٹی تفریح کا ایک بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔سال کا اختتام نیٹ فلکس پر ’دی آرچیز‘ کے ساتھ ہوا، جسے زویا اختر نے پروڈیوس کیا۔ اس میں نئی نسل کے فنکاروں خوشی کپور، اگستیہ نندا، مہر آہوجا، ڈاٹ اور سوہانا خان نے کام کیا ہے۔دریں اثنا 2023 میں مشہور ٹی وی سیریز ’فرینڈز‘ کے اداکار میتھیو پیری کی اچانک موت نے ان کے مداحوں کو چونکا دیا، اداکار و ہدایت کار ستیش کوشک بھی دنیا کو الوداع کہہ گئے۔

Back to top button