بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سوشل میڈیا پر کیوں برس پڑے؟

بالی ووڈ شاہ رخ خان نے بھارتی سوشل میڈیا کو تنگ نظر اور منفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے ہم جیسے لوگ ہمیشہ پوزیٹیو ہی رہیں گے چاہے کتنے ہی منفی ہتھکنڈے کیوں نہ استعمال کیے جائیں، ہمیں کھلے دل کے ساتھ چیزوں کو لینا چاہئے۔ شاہ رخ خان نے امیتابھ بچن کے ساتھ ’کلکتہ فلم فیسٹیول‘ کا افتتاح کرتے ہوئے اپنی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کی مہم کے دوران سوشل میڈیا کے منفی پہلووں پر تنقید کی اور کہا کہ سوشل میڈیا تنگ نظری پھیلا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ان کی آنے والی فلم پٹھان کے ایک سین میں ایک گانا ’بے شرم رنگ‘ اداکارہ دیپیکا پاڈوکون نے زعفرانی رنگ کا لباس پہن کر فلمایا ہے جس پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کا موقف ہے کہ زعفرانی رنگ ہندو مذہب میں مقدس ہے اور اس کی بے حرمتی کی گئی ہے۔ اس معاملے پر تنازع اتنا بڑھ گیا ہے کہ ریاست مدھیہ پردیش میں اس فلم پر پابندی لگنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کے ایک طبقے کی جانب سے فلم پر پابندی کا مطالبہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ شاہ رخ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہمیں تنگ نظری کی بجائے مثبت سوچ اپنانی چاہیے۔ ان کے بقول سوشل میڈیا عموماً تنگ نظری سے متاثر ہوتا ہے اور انسانی سوچ کو محدود کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کہیں پڑھا تھا کہ منفیت سوشل میڈیا کی صارفیت میں اضافہ کرتی ہے اور اس کی تجارتی قیمت کو بھی بڑھاتی ہے۔ لیکن ایسی سوچ اجتماعی بیانیے کو محدود کرتی ہیں اور اسے تقسیم کرنے والی اور تباہ کن بناتی ہے۔

خیال رہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے ایک روز قبل فلم کے ایک گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پاڈوکون کے رقص اور کپڑوں پر اعتراض کیا تھا، انہوں نے فلم سازوں کو انتباہ کیا کہ اگر فلم کے کچھ مناظر اور لباس کو تبدیل نہیں کیا گیا تو وہ اپنی ریاست میں اس فلم کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ مشرا نے یہ بھی کہا کہ پٹھان کے گانے میں ’ٹکڑے ٹکڑے گینگ‘ کی حمایتی دیپیکا پاڈوکون کے کپڑے انتہائی قابل اعتراض ہیں، خیال رہے کہ دائیں بازو کے نظریات کے حامل طبقات مودی حکومت کے ناقدوں کو ٹکڑے ٹکڑے گینگ کا نام دیتے ہیں۔ چند سال قبل جب طلبہ کے ایک مظاہرے کے دوران ’بھارت تیرے ٹکڑے ہوں گے‘ کا نعرہ لگا تھا، تب ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی اصطلاح سامنے آئی تھی۔ ان طلباء پر مظاہرے کے دوران شدید تشدد کیا گیا تھا اور ان سے اظہار یکجہتی کرنے والوں میں دیپیکا بھی شامل تھیں۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے متنازع گانے کے مناظر میں دیپیکا زعفرانی رنگ کی بکنی پہنے ہوئے ہیں، آل انڈیا ہندو مہا سبھا کے صدر سوامی چکرپانی نے بھی بکنی میں زعفرانی رنگ استعمال کرنے پر اعتراض کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ رنگ ہندوؤں کا مذہبی رنگ ہے اور اس رنگ کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہندو معاشرہ یہ توہین برداشت نہیں کرے گا۔

Back to top button