بھارتی اداکارہ ممتاز کا پاکستانی اداکار فواد کو پہچاننے سے انکار

ماضی کی مقبول بھارتی اداکارہ ممتاز نے پاکستانی اداکار فواد خان کو پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پاکستانی ڈرامے زیادہ نہیں دیکھتی ہیں، لیکن اب وہ اداکار کو جاننے کی کوشش کریں گی۔ممتاز نے بھارت کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا اور ان کا شمار 1970 تک کی مشہور اور معروف ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے کم عمری میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا اور کیریئر کے عروج پر 1974 میں بھارتی نژاد یوگنڈا کے کاروباری شخص میور مادھوانی سے شادی کی اور بالی وڈ سمیت بھارت کو خیرباد کہہ کر برطانیہ منتقل ہوگئیں۔حیران کن طور پر اس وقت تک ممتاز کی عمر محض 26 یا 27 برس ہی تھی اور انہوں نے شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد کبھی فلموں میں کام نہیں کیا اور نہ ہی بھارت کو اپنا مسکن بنایا، اداکارہ کی دو بیٹیاں ہیں، جس میں سے ان کی صاحبزادی نتاشا نے بالی وڈ اداکار فردین خان سے شادی کی تھی اور شادی کے 18 سال بعد جولائی 2023 میں انہوں نے شوہر سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ممتاز حال ہی میں پاکستان آئیں تو انہوں نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو جیو پاکستان میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی، ان کے مطابق ان کے والدین کے کچھ رشتے دار پاکستان میں بھی مقیم تھے اور ان کے والد پاکستان آتے جاتے رہتے تھے جب کہ انہیں بھی بچپن سے ہی پاکستان دیکھنے کی خواہش تھی، انہوں نے اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ انہیں پاکستان آتے آتے کئی دہائیاں لگ گئیں۔اداکارہ نے کہا کہ بولی وڈ میں کیریئر کے آغاز میں انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس وقت کے مقبول ہیروز ان کے ساتھ کام ہی نہیں کرنا چاہتے تھے اور ان کا ماننا تھا کہ اداکارہ چھوٹے کردار ادا کرتی ہیں، انہیں اداکاری کا پتا ہی نہیں۔ ممتاز نے بتایا کہ وہ راجیش کھنہ اور دلیپ کمار کی ہمیشہ مقروض رہیں گی، جنہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر بھی انہیں بطور ہیروئن اپنی فلموں میں کاسٹ کروایا اور ان کے ساتھ کام کیا، اعتراف کیا کہ اگر دونوں اداکار بھی ان کے ساتھ بطور ہیروئن کام کرنے سے انکار کردیتے تو وہ شاید مقبول اداکارہ نہ بن پاتیں۔انہوں نے بتایا کہ ملکہ ترنم نور جہاں کا لندن میں گھر تھا اور وہ بھی خاندان کے ہمراہ وہیں مقیم تھیں تو ان سے متعدد ملاقاتیں ہوئیں اور ملکہ ترنم ان سے بہت محبت کرتی تھیں، انہیں اچھے اچھے کھانے کھلاتی تھیں، پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے پوچھے جانے پر انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے زیادہ تر پاکستانی ڈرامے نہیں دیکھے، البتہ احسن خان انہیں جو ڈراما دیکھنے کا کہتے ہیں تو وہ دیکھ لیتی ہیں۔ان کے مطابق احسن خان نے انہیں سکون نامی ڈراما دیکھنے کا کہا تو انہوں نے اسے بھی دیکھا تھا۔فواد خان کے حوالے سے پوچھے جانے پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ انہیں نہیں جانتیں تاہم اعتراف کیا کہ انہوں نے فواد خان کو دیکھا ہے، وہ ممبئی بھی گئے تھے، وہ خوبصورت اور اچھے ہیں، فواد خان کسی بھی خاتون کے ساتھ فلرٹ نہیں کرتا، وہ کسی کو دھوکا نہیں دیتا لیکن وہ انہیں نہیں جانتیں، تاہم اب وہ انہیں ٹھیک طرح سے جانیں گی اور پھر کبھی نہیں بھولیں گی۔

Back to top button