اداکار یاسر حسین کو فیروز خان سے کیا گلہ ہے؟

معروف ٹی وی سٹار یاسر حسین نے کہا ہے کہ اگر اداکار فیروز خان نے فون نمبر لیک کر کے مجھے عزت نہیں دی تو کیا میں بھی ان جیسا بن جائوں، میرے فون نمبر پر لوگ ابھی تک مجھے تنگ کر رہے ہیں۔حال ہی میں اداکار یاسر حسین نے ایف ایچ ایف پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران کہا کہ کتنی افسوس کی بات ہے کہ بشریٰ انصاری جیسی سینئر اداکارہ سے ساس کے کردار کروائے جا رہے ہیں، 26 سال کی عمر میں بزرگ خاتون کا کردار ادا کیا تھا، یہ بڑے اداکاروں کی پہچان ہے، ثانیہ سعید، شگفتہ اعجاز، صبا پرویز جیسی اداکاروں سے ہم کیا کام لے رہے ہیں؟ ٹی وی میں ایسے ڈرامے نشر ہو رہے ہیں جو بچوں کو نہیں دیکھنے چاہئیں۔اس کے علاوہ ایوارڈ شوز سے متعلق اداکار نے کہا کہ ’میرے گھر کی دیوار اور ڈبے ایوارڈز سے بھرے ہوئے ہیں، ایوارڈز فضول چیز ہے، اسے سنجیدہ نہیں لینا چاہئے، آج کل کوئی ایوارڈز کو نہیں مانتا، کچھ پیسے دیں یا معاوضہ بڑھانا چاہئے۔یاسر حسین نے کہا کہ انہیں لندن میں بھارتیوں کے سامنے بہترین اداکار کا ایوارڈ مل جاتا ہے لیکن پاکستان میں کبھی ایوارڈ نہیں ملا، اگر مجھے کسی نے ایوارڈ شو میں مدعو کرنا ہے تو پہلے مجھے اس کا معاوضہ ادا کریں، ’اگر کسی دوسرے ملک ایوارڈز شوز ہو رہے ہیں اور آپ مجھے مدعو کرنا چاہتے ہیں تو جب تک مجھے بزنس کلاس کا ٹکٹ نہیں دیں گے میں ایوارڈ شو میں نہیں جاؤں گا، مجھے بار بار فون کال کرکے اکانومی کلاس میں آنے کے لیے اصرار مت کریں۔اداکار نے کہا کہ ’ایسے کسی ایوارڈ شو میں نہیں جاؤں گا جہاں میرا کوئی کام نہیں اور بزنس کلاس ٹکٹ نہیں ہے، تمام اداکاروں کو یہی کرنا چاہئے لیکن ہمارے اداکار ڈرپوک ہیں، بولنے سے قبل جو لوگ نقصان اور فائدے کے بارے میں سوچتے ہیں وہ کبھی نہیں بول سکتے، اگر کوئی مجھے غلط بات کہے تو میں بھی اسے اسی لہجے میں جواب دوں گا، میں ایک اداکار ہونے کے بعد انسان بھی ہوں۔اداکار فیروز خان کی جانب سے فون نمبر لیک کرنے کے معاملے پر یاسر حسین نے کہا کہ انہیں کئی لوگوں کی کالز آتی ہیں، ’صبح چار بجے لوگ کال کرکے تنگ کر رہے ہوتے ہیں لیکن میں انہیں بلاک کر دیتا ہوں، اس معاملے کے بعد انہوں نے اپنا فون نمبر پھر بھی تبدیل نہیں کیا، اخلاقیات کے کچھ اصول ہوتے ہیں جس پر عمل کرنا سب کا فرض ہے، میں نے بھی ویسا ہی کیا، شوبز انڈسٹری میں اسپاٹ بوائے کے پاس بھی ہمارا نمبر ہوتا ہے لیکن وہ لیک نہیں کرتے کیونکہ وہ ہماری عزت کرتے ہیں۔یاد رہے کہ فیروز خان نے اہلیہ پر تشدد کرنے کے الزامات لگانے والوں کو قانونی نوٹس بھیجا تھا جس کی تصاویر انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کر دی تھیں، ان تصاویر پر اداکاروں کے گھر کا پتا اور موبائل نمبر درج تھا۔
