امن معاہدے کے بعدپاکستانیوں نے4روز میں2کھرب ایرانی ریال خرید لئے

ایران اور امریکا کے مابین امن معاہدے کے بعدصرف 4 روز میں پاکستانیوں کی جانب سے2 کھرب ایرانی ریال خرید لیے گئے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نےبتایا کہ ایران اور امریکا کے مابین معاہدے کے پہلے  روز  40 ارب ایرانی ریال کی خریداری ہوئی تھی۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ  ایران اور امریکا کے مابین امن معاہدے کے بعد کے 4 دن کے بعد ملک بھر میں 2 کھرب ایرانی ریال خرید لیے گئے ہیں۔

دوسری جانب  ایرانی ریال کی طلب اور قیمت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ایرانی ریال دنیا کی اُن کرنسیوں میں شمار ہوتا ہے جن کی فی یونٹ قیمت بہت کم ہوتی ہے۔ اسی لیے نسبتاً کم پاکستانی رقم میں کروڑوں اور اربوں ریال خریدے جا سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر، جو ایک کروڑ ایرانی ریال پہلے تقریباً دو سے ڈھائی ہزار روپے میں دستیاب تھے، اب بعض مقامات پر ان کی قیمت دس ہزار پاکستانی روپے تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

لیکن آخر لوگ یہ سب خرید کیوں رہے ہیں؟اس کی وجہ امید ہے۔سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے تعلقات بہتر ہوتے ہیں، پابندیوں میں نرمی آتی ہے اور تجارت بحال ہوتی ہے تو ایرانی معیشت دوبارہ مضبوط ہو سکتی ہے، جس سے ایرانی کرنسی کی قدر بھی بڑھ سکتی ہے۔

Back to top button