فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تہران، پاک ایران تعاون پر بات چیت ہوگی

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے

تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو تہران کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہ دورہ خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے، جبکہ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔

اس سے قبل ایرانی حکومت نے بتایا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں علاقائی صورتحال اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس وقت بھی حالت جنگ میں ہے اور ملک کو مکمل معاشی، فوجی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران امریکا کی سخت پابندیوں کے باوجود ثابت قدم ہے اور غیر مساوی جنگ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو وینزویلا بنانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکا، دشمن ایران کو کمزور کرنا چاہتا تھا مگر ایسا نہیں ہو سکا۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران مضبوط اتحاد کے ذریعے دنیا کو حیران کرنے والی طاقت بن کر ابھرا ہے اور امید ہے کہ عوام کو درپیش مشکلات پر جلد قابو پالیا جائے گا۔

Back to top button