ملک گیر ہاکی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

قومی انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپ جنوری 2027 میں منعقد ہوگی، نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو انعامات دیے جائیں گے

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک گیر سطح پر قومی انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد سکول کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا، ملک بھر سے باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کرنا، وسیع قومی ٹیلنٹ پول تیار کرنا اور سکول ہاکی سے قومی ٹیم تک ایک منظم راستہ قائم کرنا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ جنوری 2027 کے دوران پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ مقابلے متعلقہ کھیلوں کے محکموں، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس، آئی بی سی سی، تعلیمی بورڈز اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے منعقد ہوں گے۔

اضلاع اور ڈویژن کی سطح پر سکولوں کو ان مقابلوں میں شرکت کی ترغیب دی جائے گی تاکہ گراس روٹ لیول پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے۔

جنوری میں ہونے والی چیمپئن شپ کے اختتام پر اسلام آباد میں منعقد ہونے والے قومی مقابلوں کے لیے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے 4،4 جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے 2،2 بہترین ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے یہی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

منتخب علاقائی ٹیمیں فروری 2027 میں اسلام آباد میں جمع ہوں گی، جہاں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سلیکٹرز اور تجربہ کار کوچز کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں، فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لے کر قومی ڈیٹا بیس تیار کریں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی چیمپئن شپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی تین ٹیموں کو ٹرافیز، میڈلز اور ترقیاتی امداد دی جائے گی، جبکہ بہترین کھلاڑی، بہترین گول کیپر، ڈیفینڈر، مڈفیلڈر اور فارورڈ کے لیے خصوصی انفرادی انعامات بھی دیے جائیں گے۔

Back to top button