ایکنک کی منظوری، تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سمیت متعدد ترقیاتی اسکیمیں منظور
82 ارب روپے سے زائد مالیت کے پن بجلی منصوبے سمیت بجلی، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے سمیت اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک اجلاس میں خوازہ خیلہ، بشام ایکسپریس وے، لاہور، حیدرآباد اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنیوں میں بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری، جنوبی پنجاب میں غربت میں کمی کے منصوبے، فل برائٹ اسکالرشپ سپورٹ پروگرام اور مختلف آبی، مواصلاتی و بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت 82 ارب 36 کروڑ 16 لاکھ روپے منظور کی گئی، جس میں 35 ارب 98 کروڑ روپے کا غیر ملکی زرمبادلہ بھی شامل ہے۔
اجلاس کے دوران تربیلا جھیل میں فلوٹنگ سولر پینلز کے پائلٹ منصوبے کے لیے مناسب فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرنے کے بعد الگ پی سی ون پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
