عمران خان کی صحت کے معاملے پر پی ٹی آئی سیاست کر رہی ہے، عطااللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات کا دعویٰ، عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما توہین عدالت کے مرتکب ہوئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر بانی چیئرمین عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی گئیں جس کے باعث شفا اسپتال کے بجائے پمز میں معائنہ کرایا گیا۔

عطااللہ تارڑ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ عمران خان کے علاج معالجے کے حوالے سے انتظامیہ نے عدالت کے حکم پر عمل کیا، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اس معاملے پر غلط پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ان کی جماعت اپوزیشن میں تھی تو اس وقت بھی مؤقف یہی تھا کہ صحت کے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، اور اس حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان اپنے دور حکومت میں دیگر افراد کی صحت کے حوالے سے طنزیہ اور سخت بیانات دیتے رہے، تاہم حکومت نے کبھی کسی کی صحت کے معاملے پر توہین آمیز رویہ اختیار نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے نظرثانی درخواست میں تمام قیدیوں کے لیے یکساں سہولتوں کا معاملہ اٹھایا، تاہم عمران خان کا عدالتی حکم کے مطابق طبی معائنہ کرایا گیا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ انتظامیہ نے عدالت کے تمام احکامات کی مکمل پیروی کی اور اس معاملے میں سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پیدا کیے گئے خدشات اور صورتحال کے باعث عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں عدالتی حکم کے مطابق معائنہ کیا گیا۔ ان کے مطابق شفا اسپتال کے ڈاکٹر بھی وہاں موجود تھے اور مکمل چیک اپ کا عمل مکمل کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر قانون کی جانب سے اٹھائے گئے نکات نظرثانی درخواست کا حصہ ہیں، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی تجویز کے بغیر علاج کے مقام اور ڈاکٹرز کے حوالے سے فیصلہ کرنا ممکن نہیں ہوگا، تاہم اس کے باوجود عدالت کے حکم پر عمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی اس معاملے پر سیاست کرنا چاہتی ہے تو یہ ان کی مرضی ہے، لیکن حکومت کا مؤقف ہے کہ صحت کے معاملے کو سیاسی بحث کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

عطااللہ تارڑ کے مطابق پمز اسپتال کی رپورٹ میں عمران خان کی نبض، بلڈ پریشر اور دیگر طبی رپورٹس درست قرار دی گئی ہیں، جبکہ ابتدائی معائنے میں وہ بہتر حالت میں نظر آئے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے معاملات ڈاکٹرز دیکھتے ہیں اور وہی بہتر رائے دے سکتے ہیں، حکومت نے علاج کبھی نہیں روکا، علاج جاری ہے اور ضرورت پڑنے پر جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی سے کہا کہ وہ اس معاملے پر سیاست سے گریز کرے، کیونکہ ان کے بقول پی ٹی آئی رہنما عدالت کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں۔

Back to top button