اظہر علی آئی سی سی لیول 3 کوالیفائیڈ کوچ بن گئے
سابق قومی کپتان کا کہنا ہے کہ سیکھنے کا عمل کبھی نہیں رکتا اور سفر جاری رہتا ہے

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان اظہر علی نے کوچنگ کے میدان میں اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ اظہر علی نے باضابطہ طور پر آئی سی سی لیول 3 کوالیفائیڈ کوچ بننے کا اعلان کردیا۔
سابق قومی کپتان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں اس کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ نے ان کے سفر کے دوران انہیں بے شمار سبق، یادیں اور مواقع فراہم کئے، اب وہ کھیل کو واپس کچھ دینے کے لیے اپنا تجربہ دوسروں تک منتقل کرنا چاہتے ہیں۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور اگلی نسل کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ وہ صرف بہتر کرکٹرز ہی نہیں بلکہ پراعتماد افراد اور اچھے ایتھلیٹس بھی بن سکیں۔
سابق کپتان نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ سیکھنے کا عمل کبھی نہیں رکتا اور سفر ہمیشہ جاری رہتا ہے۔
