حکمران آئین پر عمل نہیں کرتے تو یہ ان کی کوتاہی ہے، مولانا فضل الرحمان
جے یو آئی سربراہ کا کہنا ہے کہ قرآن و سنت کے منافی قانون سازی نہیں ہونی چاہیے، ملک کے دفاع کو مضبوط رکھنا ضروری ہے

پشاور (نیوز ڈیسک) سربراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئین میں واضح ہے کہ قرآن و سنت کے منافی قانون نہیں بنایا جائے گا، اگر حکمران آئین پر عمل نہیں کرتے تو یہ ان کی کوتاہی ہے۔
پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کے اکابرین نے سیاسی جدوجہد کے حوالے سے جو تعلیمات دی ہیں، آج بھی ان پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی طاقت ملک اور ریاست کی ضرورت ہے، جبکہ پاکستان کی مضبوط دفاعی قوت کے قائل ہیں۔
اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری عبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال برصغیر کی صورتحال سے مختلف نہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی آواز دبانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ جو لوگ کونسلر کی نشست بھی نہیں جیت سکتے، انہیں ان کے مقابلے میں لایا جاتا ہے۔
