شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات، سیاسی اور قانونی امور پر اہم مشاورت
وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد کے درمیان ملاقات میں پی ٹی آئی معاملے اور آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے ناموں پر بھی غور کیا گیا

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دو گھنٹے طویل ملاقات میں سپریم کورٹ کے بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کا معاملہ ایجنڈے میں سرفہرست رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال کے بجائے پمز میں چیک اپ کرانے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں سیاسی حکمت عملی اور قانونی معاملات پر بھی مشاورت کی گئی، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست اور اس کے ممکنہ قانونی جواب کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مزید کسی سیاسی اور آئینی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے بھی مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
