ایرانی ہیکرز کے برطانیہ پر مبینہ سائبر حملے کا انکشاف، پاور پلانٹ 4 روز بند رہا
رپورٹ کے مطابق ایرانی حکومت سے وابستہ ہیکرز پہلی بار برطانوی توانائی تنصیب کو بند کرنے میں کامیاب ہوئے

لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی ہیکرز نے گزشتہ ماہ مبینہ طور پر ایک سائبر حملے کے ذریعے برطانیہ کے ایک پاور پلانٹ کو 4 دن کے لیے بند کر دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع سمجھا جا رہا ہے جب ایرانی حکومت سے وابستہ ہیکرز برطانیہ میں کسی اہم تنصیب کو بند کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
دی ٹیلی گراف کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب گزشتہ ماہ امریکا میں پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے پر سائبر حملوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جس سے 12 امریکی ریاستیں متاثر ہوئیں اور وائٹ ہاؤس میں بھی تشویش پیدا ہوئی۔
برطانوی حکام نے سیکیورٹی خدشات کے باعث متاثرہ پاور پلانٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم رپورٹ کے مطابق یہ پلانٹ 4 دن تک مکمل طور پر غیر فعال رہا اور عملہ اسے دوبارہ فعال کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کرتا رہا۔
اخبار کے مطابق امکان ہے کہ متاثرہ پاور پلانٹ نسبتاً چھوٹا تھا، جس کی بندش سے برطانیہ کے بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے بڑے نظام پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ اہم بنیادی ڈھانچے پر سائبر حملوں کے خطرات کے حوالے سے مسلسل خبردار کیا جاتا رہا ہے، تاہم اس سے قبل کسی ہیکر کے برطانیہ کے کسی پاور پلانٹ کو مکمل طور پر بند کرنے میں کامیاب ہونے کی اطلاعات سامنے نہیں آئی تھیں۔
دی ٹیلی گراف کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ اس حملے کا مقصد ممکنہ طور پر یہ ظاہر کرنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک ہیکرز برطانیہ کے حساس نظام تک رسائی حاصل کرنے اور اہم تنصیبات کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
