ہاکی ورلڈکپ: پاکستان کا میچ جیتنے کیلئے 16 سال کا انتظار ختم
کلاسیفکیشن میچ میں جاپان کو شکست، رانا وحید کے 2 جبکہ حماد الدین اور حنان شاہد کے ایک، ایک گول

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان نے 16 سال بعد کامیابی حاصل کرلی۔ نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 9ویں سے 16ویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن میچ میں پاکستان نے جاپان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔
پاکستان ٹیم ورلڈکپ ٹرافی کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی تھی۔ 8 سال بعد 2026 کے ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی قومی ٹیم کو ابتدائی تین میچز میں کامیابی نہ مل سکی، جس کے باعث وہ دوسرے راؤنڈ سے باہر ہوگئی تھی۔
تاہم جاپان کے خلاف کلاسیفکیشن میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ ایک موقع پر قومی ٹیم دو گول کے خسارے میں تھی، لیکن کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
جاپان کے خلاف میچ میں پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے 2 گول کئے، جبکہ حماد الدین اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول کیا۔ ابوبکر انجری کے باعث میچ میں کپتانی نہ کرسکے، ان کی جگہ معین شکیل نے ٹیم کی قیادت کی۔
یہ نہ صرف نیدرلینڈز میں جاری ورلڈکپ میں 4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم کی پہلی کامیابی ہے بلکہ ہاکی ورلڈکپ کے مقابلوں میں پاکستان نے تقریباً 6 ہزار دن بعد کسی ٹیم کو شکست دی ہے۔
اس سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم نے آخری مرتبہ 2 مارچ 2010 کو ورلڈکپ میں اسپین کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی۔
پاکستان 2014 کے ہاکی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا، جبکہ 2018 کے ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم ایک میچ نہ جیت سکی۔ اسی طرح 2023 کے ورلڈکپ میں بھی پاکستان ٹیم عالمی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔
