سابق بھارتی کرکٹر جیکب مارٹن 22 سال پرانے جعلسازی کیس میں بری

عدالت نے جعلسازی، دھوکہ دہی اور دیگر الزامات ثابت نہ ہونے پر سابق کرکٹر کو بری کردیا

ممبئی (سپورٹس ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر جیکب مارٹن کو پٹیالہ ہاؤس عدالت نے 22 سال پرانے فوجداری مقدمے میں تمام الزامات سے بری کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جیکب مارٹن کے خلاف یہ مقدمہ 2004 میں درج ہونے والی ایف آئی آر سے متعلق تھا، جس میں جعلسازی، دھوکہ دہی، جعلی دستاویزات کے استعمال، مجرمانہ سازش اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت الزامات عائد کئے گئے تھے۔

جیکب مارٹن پر برطانیہ کے جعلی امیگریشن اسٹیمپ، سفری انتظامات اور مالی لین دین سے متعلق الزامات لگائے گئے تھے، تاہم استغاثہ ان الزامات کو قابلِ اعتماد شواہد کے ذریعے ثابت نہ کر سکا۔

عدالت نے قرار دیا کہ مالی لین دین یا اسپورٹس کلب کی ملکیت اور انتظام میں جیکب مارٹن کے کردار کے خلاف کوئی قابلِ اعتبار ثبوت موجود نہیں، جبکہ متعدد گواہ بھی الزامات کی تصدیق کرنے میں ناکام رہے۔

Back to top button