تیسرا ٹی20: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو فتح کیلئے 174رنز کا ہدف

نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی20 میچ میں ڈیون کونوے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو فتح کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا ہے۔
نیپیئر میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے 40 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔مارٹن گپٹل نے حارث رؤف کا استقبال چھکا لگا کر کیا لیکن اگلی ہی گیند پر پاکستانی فاسٹ باؤلر نے انہیں کپتان شاداب خان کی مدد سے چلتا کردیا۔اگلے ہی اوور میں باؤلنگ کے لیے لائے گئے فہیم اشرف نے کین ولیمسن کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی۔پچھلے میچ کے مرد میدان ٹم سیفرٹ اس میچ میں بھی جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور تین چھکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 35 رنز بنائے لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید خطرناک ثابت ہوتے، فہیم اشرف نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔اسکور 109 تک پہنچا تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوسرے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر وکٹ کے لیے جبکہ فہیم اشرف نے جیمز نیشام کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔اسکاٹ کگلیجن نے ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے انہیں چلتا کردیا۔لیکن دوسرے اینڈ سے ڈیون کونوے نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی۔کونوے اننگز کے آخری اوور میں 45 گیندوں پر 63 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی وکٹ بنے۔نیوزی لینڈ نے اب تک 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173رنز بنائے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل نیپیئر میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان نے میچ کے لیے تیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور وہاب ریاض کی جگہ محمد حسنین، عماد وسیم کی جگہ افتخار احمد اور عبداللہ شفیق کی جگہ حسین طلعت کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔پاکستان کی ٹیم پہلے ہی سیریز ہار چکی ہے اور قومی ٹیم کو کلین سوئپ سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔نیوزی لینڈ نے سیریز کے ابتدائی دونوں ٹی20 میچوں میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان: شاداب خان(کپتان)، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد رضوان، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، محمد حسنین، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی۔
نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، کائل جیمیسن، اش سودھی، اسکاٹ کگلیجن، ٹم ساؤدھی اور ٹرینٹ بولٹ۔
