جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا موبائل فون ہیک کرلیا گیا

سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا موبائل فون ہیک کر لیا گیا۔
سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا موبائل فون ہیک کر لیا گیا ہے اورشبہ ہے کہ ان کے موبائل نمبر سے کسی کو بھی گمراہ کن پیغام رسانی ہوسکتی ہے’۔بیان میں کہا گیا کہ ہیکرز ‘موبائل نمبر کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں’۔سپریم کورٹ کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ‘جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے موبائل فون نمبر سے کسی بھی قسم کی پیغام رسانی جعلی اور جھوٹ تصور کی جائے کیونکہ وہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نہیں کی’۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا جس کو عدالت عظمیٰ نے کالعدم قرار دیا تھا۔
عدالت عظمیٰ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 10 رکنی فل کورٹ نے صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس قاضی فائر عیسیٰ کی درخواست پر سماعت کی تھی، فل کورٹ کے دیگر اراکین میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فیصل عرب، جسٹس مظہر عالم خان، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی امین احمد شامل تھے۔
سپریم کورٹ میں ریفرنس پر سماعت مئی 2019 سے جون 2020 تک تقریباً 13 ماہ تک ہوئی، جہاں 40 سے زیادہ سماعتیں ہوئیں، اس دوران ایک اٹارنی جنرل نے ججز سے متعلق بیان پر نہ صرف استعفیٰ دیا بلکہ فروغ نسیم بھی کیس میں حکومت کی نمائندگی کرنے کے لیے وزیر قانون کے عہدے سے مستعفی ہوئے، یہی نہیں بلکہ یہ کیس تاریخی لحاظ سے اس لیے بھی اہم رہا کیونکہ اس میں تاریخ میں پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج جسٹس عیسیٰ عدالت میں خود پیش ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button